Landscape MP4 Vertical MP4

سورت مریم — آیت 65 (اردو) — ویڈیو

مریم • آیت نمبر 65 (کل 98 آیتیں) • اردو


رَبُّ السَّمَاوَاتِ وَالْأَرْضِ وَمَا بَيْنَهُمَا فَاعْبُدْهُ وَاصْطَبِرْ لِعِبَادَتِهِ ۚ هَلْ تَعْلَمُ لَهُ سَمِيًّا 65
ترجمہ:
(یعنی) آسمان اور زمین کا اور جو ان دونوں کے درمیان ہے سب کا پروردگار ہے۔ تو اسی کی عبادت کرو اور اسی کی عبادت پر ثابت قدم رہو۔ بھلا تم کوئی اس کا ہم نام جانتے ہو مریم ۱۹:۶۵
تفسیر:
تفسیر کا اقتباس از مریم ۱۹:۶۴
جبرائیل علیہ السلام کی آمد میں تاخیر کیوں؟ صحیح بخاری شریف میں ہے نبی کریم نے ایک مرتبہ جبرائیل علیہ السلام سے فرمایا: آپ جتنا آتے ہیں، اس سے زیادہ کیوں نہیں آتے؟ اس کے جواب میں یہ آیت اتری ہے۔ [صحیح بخاری:3218] ‏

یہ بھی مروی ہے کہ ایک مرتبہ جبرائیل علیہ السلام کے آنے میں بہت تاخیر ہو گئی جس سے نبی کریم غمگین ہوئے۔ پھر آپ علیہ السلام یہ آیت لے کر نازل ہوئے ۔ [تفسیر ابن جریر الطبری:23807:ضعیف] ‏

روایت ہے کہ بارہ دن یا اس سے کچھ کم تک نہیں آئے تھے۔ جب آئے تو نبی کریم نے کہا، اتنی تاخیر کیوں ہوئی؟ مشرکین تو کچھ اور ہی اڑانے لگے تھے اس پر یہ آیت اتری ۔ [تفسیر ابن جریر الطبری:23811:ضعیف] ‏ پس گویا یہ آیت سورۃ والضحی کی آیت جیسی ہے۔

کہتے ہیں کہ چالیس دن تک ملاقات نہ ہوئی تھی جب ملاقات ہوئی تو آپ نے فرمایا: میرا شوق تو بہت ہی بے چین کئے ہوئے تھا ۔ جبرائیل علیہ السلام نے فرمایا، ” اس سے کسی قدر زیادہ شوق خود مجھے آپ کی ملاقات کا تھا لیکن میں اللہ کے حکم کا مامور اور پابند ہوں وہاں سے جب بھیجا جاؤں تب ہی آسکتا ہوں ورنہ نہیں، اسی وقت یہ وحی نازل ہوئی ۔ [تفسیر ابن جریر الطبری:103/16:ضعیف] ‏ لیکن یہ روایت غریب ہے۔

ابن ابی حاتم میں ہے کہ جبرائیل علیہ السلام نے آنے میں دیر لگائی پھر جب آئے تو نبی کریم نے رک جانے کی وجہ دریافت کی، آپ علیہ السلام نے جواب دیا کہ جب لوگ ناخن نہ کتروائیں، انگلیاں اور پوریاں صاف نہ رکھیں، مونچھیں پست نہ کرائیں، مسواک نہ کریں تو ہم کیسے آسکتے ہیں؟ پھر آپ نے یہ آیت تلاوت فرمائی ۔ [الواحدی:607:ضعیف] ‏

مسند امام احمد میں ہے کہ ایک مرتبہ نبی کریم نے سیدہ ام سلمہ رضی اللہ عنہا سے فرمایا مجلس درست اور ٹھیک ٹھاک کر لو آج وہ فرشتہ آ رہا ہے جو آج سے پہلے زمین پر کبھی نہیں آیا ۔ [مسند احمد:296/6:ضعیف] ‏

ہمارے آگے پیچھے کی تمام چیزیں اسی اللہ کی ہیں یعنی دنیا اور آخرت اور اس کے درمیان کی یعنی دونوں نفخوں کے درمیان کی چیزیں بھی اسی کی تملیک کی ہیں۔ آنے والے امور آخرت اور گزر چکے ہوئے امور دنیا اور دنیا آخرت کے درمیان کے امور سب اسی کے قبضے میں ہیں۔ تیرا رب بھولنے والا نہیں اس نے آپ کو اپنی یاد سے فراموش نہیں کیا۔ نہ اس کی یہ صفت۔ جیسے فرمان وَالضُّحَىٰ وَاللَّيْلِ إِذَا سَجَىٰ مَا وَدَّعَكَ رَبُّكَ وَمَا قَلَىٰالضحی ۹۳: ۱ ۲ ۳ ‏ ” قسم ہے چاشت کے وقت کی اور رات کی جب وہ ڈھانپ لے نہ تو تیرا رب تجھ سے دستبردار ہے نہ ناخوش “۔

ابن ابی حاتم میں ہے آپ فرماتے ہیں جو کچھ اللہ نے اپنی کتاب میں حلال کر دیا وہ حلال ہے اور جو حرام کر دیا حرام ہے اور جس سے خاموش رہا وہ عافیت ہے تم اللہ کی عافیت کو قبول کر لو، اللہ کسی چیز کا بھولنے والا نہیں پھر آپ نے یہی جملہ تلاوت فرمایا ۔ [فتح الباری:266/13:قال الشيخ الألباني:حسن] ‏

آسمان و زمین اور ساری مخلوق کا خالق، مالک، مدبر، متصرف وہی ہے۔ کوئی نہیں جو اس کے کسی حکم کو ٹال سکے۔ تو اسی کی عبادتیں کئے چلا جا اور اسی پر جما رہ۔ اس کے مثیل، شبیہ، ہم نام، ہم پلہ کوئی نہیں۔ وہ با برکت ہے وہ بلندیوں والا ہے اس کے نام میں تمام خوبیاں ہیں جل جلالہ۔

X Facebook Minutemailer Stellar WhatsApp Reddit
مکمل سورت کی ویڈیو دیکھیں
پچھلی مریم • آیت 64 اگلی مریم • آیت 66