انہیں شراب طہور کے چھلکتے ہوئے، پاک صاف، بھرپور جام پر جام ملیں گے جس میں نشہ نہ ہو گا کہ بے ہودہ گوئی اور لغو باتیں منہ سے نکلیں اور کان میں پڑیں، جیسے اور جگہ ہے لَّا لَغْوٌ فِيْهَا وَلَا تَاْثِيْمٌ الطور ۵۲:۲۳ ⧉ ” اس میں نہ لغو ہو گا نہ فضول گوئی اور نہ گناہ کی باتیں “، کوئی بات جھوٹ اور فضول نہ ہو گی، وہ دارالسلام ہے جس میں کوئی عیب کی اور برائی کی بات ہی نہیں، یہ ان پارسا بزرگوں کو جو کچھ بدلے ملے ہیں یہ ان کے نیک اعمال کا نتیجہ ہے جو اللہ کے فضل و کرم احسان و انعام کی بناء پر ملے ہیں، جو بے حد کافی، بکثرت اور بھرپور ہیں۔ عرب کہتے ہیں أَعْطَانِي فَأَحْسَبنِي انعام دیا اور بھرپور دیا اسی طرح کہتے ہیں حَسْبِي اللَّه یعنی اللہ مجھے ہر طرح کافی وافی ہے۔